انمول موتی

٭-حضرتِ عائشہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:" کامل ترین ایمان والوں میں سے وہ شخص ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں اور جس کا برتاؤاپنے گھر والوں کے ساتھ سب سے زیادہ نرم ہو۔"
(ترمذی)
٭- حضرتِ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:"مجھے تعجب ہے اس شخص پر جو اپنے مال سے غلاموں کو خریدتا ہے پھر ان کو آزاد کرتا ہے، وہ بھلائی کا معاملہ کر کے آزاد آدمیوں کو کیوں نہیں خریدتا جبکہ اس کا ثواب بہت زیادہ ہے؟یعنی جب وہ لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کریگا تو لوگ اس کے غلام بن جائیں گے۔"
( قضاء الحوائج، جامع صغیر)
٭- حضرتِ عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو ارشاد فرماتے ہوئے سنا:" وہ مسلمان جو شریعت پر عمل کرنے والا ہو، اپنی طبیعت کی شرافت اور اپنے اچھے اخلاق کی وجہ سے اس شخص کے درجہ کو پالیتا ہے جو رات کو بہت زیادہ قرآن کریم کو نماز میں پڑھنے والا اور بہت روزے رکھنے والا ہو۔"
( مسند احمد)
٭-حضرتِ ابو درداء رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:"(قیامت کے دن) مومن کے ترازو میں اچھے اخلاق سے بھاری کوئی چیز نہیں ہوگی۔"
(ابو داؤد)
٭- حضرتِ جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:" تم سب میں مجھے زیادہ محبوب اور قیامت کے دن میرے سب سے قریب وہ لوگ ہونگے جن کے اخلاق زیادہ اچھے ہوں گے۔"
(ترمذی)